ژی جیانگ : چین کی ایک باہمت 94 سالہ خاتون نے اپنی بڑھتی ہوئی عمر کو بھی شوق کے آڑے آنے نہ دیا، وہ آج بھی باقاعدگی سے روزانہ کنگ فو کی مشق کرتی ہیں، ان کی کنگ فو کی مہارت نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
کنگ فو میں مہارت کے لیے کوئی عمر مقرر نہیں کی جا سکتی، ژی جیانگ کے دیہی علاقے میں شور شرابے سے دور اپنے گھر میں رہنے والی 94 سالہ زہانگ ہیکسیان کے نزدیک ایسا کچھ نہیں۔
وہ آج بھی روزانہ کنگ فو کی مشق کرتی ہیں، مذکورہ خاتون نے حال ہی میں انٹرنیٹ پر بے حد مقبولیت حاصل کی ہے۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں کنگ فو کے ماہر کی حیثیت سے اس وقت کے بدمعاشوں کو قابو کیا اور اب جبکہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے تو خود کو چاق و چوبند رکھنے کے لیے کنگ فو کا استعمال کرتی ہوں۔
تاہم 94 سالہ زہانگ ہیکسیان کو خدشہ ہے کہ اب کنگ فو کی روایت دم توڑتی جا رہی ہے۔ وہ اپنے پوتے پوتیوں کو بھی ورزش کرنے کی ہدایت دیتی رہتی ہیں۔
علاوہ ازیں وہ اس عمر میں بھی روزانہ کھانا بنانے کے لیے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر بھی لاتی ہیں، ان کے بیٹے فینگ چوانین کا کہنا ہے کہ والدہ اپنا روز مرہ کا ہر کام بخوبی انجام دیتی ہیں وہ اپنا خیال خود رکھتی ہیں انہیں ہماری ضرورت پیش نہیں آتی۔