تازہ ترین

کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرنیوالے 3 پولیس افسران سمیت 7 گرفتار

کراچی : پولیس موبائل میں جدید اسلحہ سندھ اسمگل...

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

برطانوی شاہی خاندان کی نئی رکن میگھن مرکل کون ہیں؟

لندن: گزشتہ روز برطانوی شاہی خاندان نے ولی عہد شہزادہ چارلس اور شہزادی ڈیانا کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مرکل کے ساتھ منگنی کا باقاعدہ اعلان کردیا جس کے بعد بہت سے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ برطانوی شاہی خاندان میں بہت جلد شمولیت اختیار کرنے والی میگھن مرکل آخر ہیں کون؟

مشہور امریکی اداکارہ میگھن مرکل 4 اگست سنہ 1981 میں امریکی شہر لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق ایک دولت مند گھرانے سے ہے۔

مرکل نے سنہ 2002 سے اداکاری کا آغاز کیا۔ آپ کے لیے یہ جاننا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ اداکاری میں اپنا کیریئر مضبوط کرنے کے دوران وہ گزر اوقات کے لیے شادی کے دعوت ناموں پر خوبصورت لکھائی، اور اسکول کے بچوں کو یہ لکھائی سکھایا کرتی تھیں۔

اس دوران انہوں نے کئی امریکی ڈرامہ سیریز میں کام کیا تاہم انہیں اصل شہرت ڈرامہ سیریز ’سوٹس‘ میں ریچل زین نامی کردار اداکرنے کے بعد ملی۔

بعد ازاں انہوں نے ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری فلم اینٹی ۔ سوشل تھی جو سنہ 2015 میں ریلیز ہوئی۔

ستمبر 2011 میں انہوں نے ایک فلم پروڈیوسر ٹریور اینجلسن سے شادی کی لیکن یہ شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی اور 2 سال بعد طلاق پر منتج ہوئی۔

یاد رہے کہ سنہ 1937 میں بھی شاہی خاندان کے ایک اور بادشاہ ایڈورڈ سوئم نے ایک امریکی طلاق یافتہ خاتون ویلس سمپسن سے شادی کی تھی جس کے بعد قومی بحران پیدا ہوگیا اور بادشاہ کو تخت سے دستبرداری اختیاری کرنی پڑی۔

اب 80 برس بعد جب برطانوی میڈیا نے اسی معاملے کو دوبارہ اٹھا کر مرکل پر تنقید شروع کی تو شہزادہ ہیری کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا جس کے بعد میڈیا نے مرکل پر تنقید کی روش چھوڑ دی۔

مزے کی بات یہ ہے کہ مرکل کے سابق شوہر فی الحال ایک ٹی وی شو بنا رہے ہیں جو ایک شخص اور اس کی سابق بیوی کے درمیان قانونی جنگ سے متعلق ہے جو اپنی دوسری شادی شاہی خاندان میں کر چکی ہے۔

اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ مرکل سماجی کارکن بھی ہیں۔ وہ ورلڈ وژن کینیڈا کی سفیر کی حیثیت سے افریقہ میں صاف پانی کی فراہمی پر کام کر رہی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شریک ہو کر خواتین کے حقوق کے لیے بھی گفتگو کر چکی ہیں۔

سنہ 2016 میں مرکل اور شہزادہ ہیری کی ملاقات ہوئی جس کے بعد یہ تعلق آہستہ آہستہ محبت تک جا پہنچا۔

شاہی خاندان کا کہنا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل اگلے برس موسم بہار میں ازدواجی بندھن میں بندھ جائیں گے۔

شاہی خاندان میں شمولیت کے باوجود میگھن مرکل بادشاہت کے امیدواروں میں شامل نہیں ہوں گی کیونکہ ولی عہد شہزادہ چارلس کے بعد ان کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم، اور ان کے بعد ان کے بیٹے ننھے شہزادہ جارج تخت کے دعوے دار ہوں گے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -