تازہ ترین

پاکستان نے انسانی حقوق سے متعلق امریکا کی رپورٹ مسترد کردی

اسلام آباد: پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی انسانی...

وزیراعظم کی راناثنااللہ اور سعد رفیق کو بڑی پیشکش

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے...

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پروٹوکول واپس کر دیا

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف...

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

کراچی: طوفانی بارش سے 17 افراد جاں بحق، متعدد علاقے زیر آب، تھڈو ڈیم میں شگاف

کراچی : شہرقائد میں طوفانی بارش کے سبب حادثات اور کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، شہر بھر کی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں، گاڑیاں پھنس گئیں، متعدد علاقے زیر آب آگئے ، فوج نے امدادی کارروائی شروع کردی، تھڈو ڈیم میں شگاف پڑنے سے دو گاؤں زیر آب آگئے،وزیراعظم اور آرمی چیف نے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش  کے باعث حادثات اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی، بارش کے پانی سے متعدد علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں بند ہوگئیں، گاڑیاں پھنس گئیں۔

نیشنل اور سپر ہائی وے کو ملانے والا لنک روڈ بند

اطلاعات کے مطابق بارش کے پانی کا ریلا سپر ہائی وے کے پاس سے گزر رہا ہے جس کے باعث نیشنل اور سپر ہائی وے کو ملانے والا لنک روڈ بند کردیا گیا۔

ملیر اور ایئرپورٹ کے اطراف بارش پھر شروع

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ہے،یہ بارش ملیر، ایئرپورٹ،کھوکھر اپار،قائد آباد،یونیورسٹی روڈ، سہراب گوٹھ،مویشی منڈی اور ملحقہ علاقوں میں ہورہی ہے۔

مویشی منڈی ڈوب گئی

بارش کے باعث ملیر اور سپر ہائی وے مویشی ڈوب گئی، وہاں انسان تو انسان جانوروں کا بھی برا حال ہوگیا ہے۔

سرجانی ٹاؤن میں پانی گھروں میں داخل

سرجانی ٹاؤن میں پانچ تا 8 فٹ پانی جمع ہوگیا، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، لوگ چھتوں پر چلے گئے کچھ لوگ گھروں سے پانی نکالنے لگے

ملیر میمن گوٹھ میں پانی کا ذخیرہ بھر گیا، پانی قائد آباد میں داخل

ملیر میمن گوٹھ میں پانی کو ذخیرہ کرنے والی جگہ بھر گئی اور اس کا پانی ابل کر قائد آباد میں داخل ہونے لگا، پولیس نے کورنگی اور ملیر کو ملانے والا راستہ بند کردیا۔

ملیر کے دو گاؤں بھی زیر آب، چھ ہزار افراد کا انخلا

ایک اور اطلاع کے مطابق ملیرندی پر ڈیم میں شگاف پڑنے سے 2گاؤں عثمان خاصخیلی گوٹھ اور امیر بخش مری گوٹھ میں پانی داخل ہوگیا، دونوں گوٹھ  کی آبادی تقریباً 6 ہزار افراد پر مشتمل ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق ڈیم میں پڑنے والا شگاف ڈیڑھ سو فٹ چوڑا ہے، دونوں گاؤں خالی ہوگئے ہیں۔

درخت گرگئے، گاڑیاں دھنس گئیں، جگہ جگہ پانی جمع، ٹریفک جام

بارش سے کئی درخت گرگئے، سڑکیں دھنسنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں جن کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا، نیپا چورنگی، صفورا چورنگی، ایم اے جناح روڈ، اسٹیڈیم روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہے۔

جگہ جگہ بجلی کی فراہمی معطل

کراچی میں کلفٹن بلاک 5، نارتھ کراچی، گلستان جوہر اور ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔

سعدی ٹاؤن، میں پانی داخل، آرمی کا امدادی آپریشن جاری

کراچی کے علاقے سعدی ٹاؤن میں بارش کے پانی کا ریلا داخل ہوگیا، پانی گھروں میں داخل ہوگیا، فوج مدد کے لیے وہاں پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لوگوں کو یہاں سےنکالنا شروع کردیا۔

اطلاعات ہیں کہ ملیر تھڈو ڈیم میں شگاف پڑنے سے سعدی ٹاؤن میں پانی داخل ہوا۔

عائشہ منزل پر سڑکیں تالاب بن گئیں، فوج کے اہلکار پہنچ گئے، امدادی کارروائی

عائشہ منزل پربھی سڑکیں تالاب بن گئیں، رینجرز نے وہاں پہنچ کر امدادی کام کیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے رافع حسین نے وہاں سے بتایا کہ عائشہ منزل پر پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ساتھ ہی رینجرز اور کے ایم سی کے اہلکار بھی آچکے ہیں، موٹر سائیکل اور گاڑیاں بند ہونے والے افراد کو یہاں سے نکالا گیا، گھٹنوں تک جمع پانی کو نکاسی کے لیے نالے میں چھوڑا گیا۔

ناگن چورنگی ،شادمان ٹاؤن میں مکینوں کا برا حال

ناگن چورنگی پر نالے میں ایک بار پھر طغیانی آنے سے پانی سڑکوں پر آگیا، طغیانی کے باعث یوپی موڑ،بفرزون کی سڑکیں زیر آب آگئیں، شادمان ٹاؤن کا برا حال ہوگیا جہاں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، فلیٹس میں گاڑیاں ڈوب گئیں۔

لیاقت آباد گجر نالہ کے اطراف گھروں میں کئی فٹ پانی داخل

اسی طرح لیاقت آباد گجر نالہ میں مکینوں کا بہت برا حال ہے، وہاں بارش کے وقت ندی کا سارا پانی گولیمار سے ڈاک خانہ جانے والی سڑک پر آگیا، پانی واپس گیا تو کچرا وہیں چھوڑ گیا جسے بلدیہ کی انتظامیہ نے ہٹایا تاہم پانی لوگوں کے سینے تک پہنچ رہا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور ٹریفک جام ہوگیا۔

گجر نالے کے مکین جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر چلے گئے، گھروں میں کئی کئی فٹ پانی داخل ہوگیا، پانی نالے صاف نہ ہونے کی وجہ سے شہر بھر میں ندی کنارے آباد گھروں میں داخل ہوا۔

ولیکا میں عمارت منہدم ، ایک جاں بحق، دو دب گئے

کراچی میں سائٹ ایریا میٹرو شاپنگ سینٹر کے قریب ولیکا میں تین منزلہ عمارت منہدم ہوگئی، عمارت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور دو زخمیوں کو نکال لیا گیا جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ملبے کو مزید دیکھا جارہا ہے کہ کوئی اور تو موجود نہیں جس کے بعد ہی آپریشن کلیئر ہونے کا کہا جائے گا۔

پاکستان چوک پر کرنٹ لگنے سے قربانی کے پانچ جانور ہلاک

اے آر وائی نیوز کے نمائندے نذیر شاہ نے بتایا کہ مقامی مسجد نے اجتماعی قربانی کے لیے جانور خریدے، زیادہ ہونے پر چند جانور مسجد کے باہر باندھے تاہم بارش کے سبب تار ٹوٹ کر ان پر گر پڑا جس سے پانچ بیل ہلاک ہوگئے۔

وزیر بلدیات کے دعوے دھرے رہ گئے، دفتر پانی میں ڈوب گیا

اے آر نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو نے وزیر بلدیات کے دفتر کے باہر پہنچ کر منظردکھایا جو کسی تالاب کی طرح دکھ رہا تھا، انہوں نے بتایا اس پانی کی وجہ سے آج سندھ سیکریٹرٹ میں ملازمین آنہیں سکے، سندھ سیکریٹریٹ میں تمام اہم وزارتوں کے دفاتر موجود ہیں لیکن یہاں کا اتنا برا حال ہے کہ کوئی پیدل شخص داخل نہیں ہوسکتا۔

کلفٹن میں دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، 5 دب گئے

شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں واقع لائسنس برانچ کے قریب دوران مکان کی دیوار گر گئی جس کے باعث 10 سالہ بچہ جاں بحق اور 5 بچے دب گئے۔

اطلاعات کے مطابق دیوار غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی جو اچانک گر گئی جس کے باعث ایک بچہ جاں بحق اور 5 بچے ملبے تلے دبے۔

 بلاول بھٹو کا نوٹس،شیریں رحمان پہنچ گئیں

پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیریٰ رحمان کو جب واقعے کی اطلاع ملی تو وہ جائے وقوعہ پہنچیں، اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنماء نے کہا کہ دیوار غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی جس کے منہدم ہونے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، دیوار منہدم ہونے سے بچے کے والد اور والدہ بھی زخمی ہوئیں جبکہ ملبے کے نیچے بچے موجود ہیں۔

بلاول بھٹو نے واقعے کا نوٹس لے کر جلد از جلد ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی جس کے لیے متعلقہ اداروں سے مشینری طلب کی گئی ہے۔


کراچی میں طوفانی بارش‘ 7 افراد جاں بحق


واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 15 افراد جاں بحق ہوگئےتھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -