تازہ ترین

پاکستان آمد پر خوشی ہوئی، انتظامات بہترین ہیں، تمیم اقبال، کالنگ وڈ

لاہور: ورلڈ الیون کے کھلاڑی تمیم اقبال اور پال کالنگ وڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان آمد پر خوشی اور سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

لاہور میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے اختتام کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شکست کھانے والی ٹیم ورلڈ الیون کے کھلاڑی تمیم اقبال نے کہا کہ پاکستان تیسری مرتبہ آیا ہوں اور یہاں آکر بہت اچھا لگا۔

انہوں نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا آغاز اچھا تھا لیکن ایک ہی اوور میں اوپنرز کے آؤٹ ہوجانے کے باعث ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ٹارگٹ بھی زیادہ تھا اس لیے ہدف تک نہیں پہنچ سکے۔

تمیم اقبال نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات بہت بہترین ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اچھے انتظامات کیے ہیں اور پاکستانی عوام کی جانب سے بہترین استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 


 آزادی کپ، پاکستان نے ورلڈ الیون کو شکست دے دی 


اس موقع پر ورلڈ الیون کے ایک اور کھلاڑی پال کالنگ وڈ نے بھی میڈیا سے بات کی اور دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکربہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

پال کالنگ وڈ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم نے جس طرح ہمیں خوش آمدید کہا وہ مثالی ہے اور پاکستانی شائقین کے سامنے کھیلنے کا ہمیشہ ہی سے الگ لطف آتا ہے۔

خیال رہے کہ آج لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے دنیا کے بہترین کرکٹرز پر مشتمل ٹیم ورلڈ الیون کو شاندار کاکردگی دکھاتے ہوئے 20 رنز سے شکست دے دی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -