site
stats
اے آر وائی خصوصی

کڑی سے کڑی سزا سنا کر وزیراعظم کو جیل بھیجا جائے، شیخ رشید

اسلام آباد : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شریف خاندان کرپٹ اورجھوٹا ثابت ہوچکا ہےجس کے بعد ملک کا پیسہ لوٹنے والے کو 10 سے 14 سال قید کی سزا ہونی چاہیے۔

وہ اے آر وائی نیوز کے مقبول پروگرام پاورپلے میں میزبان ارشد شریف سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا ہے کہ صاف صاف کہتا ہوں شریف خاندان نے قوم کولوٹا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں نے آج عدالت میں دلیل دی ہے کہ نوازشریف کو نااہل قراردیا جائے لیکن بڑے بڑے بےشرم دیکھے ہیں ان جیسوں سے پہلی مرتبہ پالا پڑا ہے، آج بڑٰی ندامت ہوئی اور بڑی شرمناک بات ہے کہ وزیراعظم اقامے پرنوکری کررہا ہے اور ملک کا وزیراعظم بھی ہے۔

شیخ رشید نے آج ہونے والی عدالتی کارروائی کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں شیخ سعید اورسیف الرحمان کے ریڈ وارنٹ کی بات کی اورعدالت کو دکھایا کہ دستاویزات پردستخط نہیں ملتےاس لیے نوازشریف اور اہل خانہ کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے اور ملک کولوٹنے کے جرم میں کڑی سے کڑی سزا سنائی جائے تاکہ آئندہ کرپشن کرتے ہوئے حکمراں سو بارسوچیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ اپنی اولاد کو بانٹتے ہیں اور ہمیں ڈانٹتے ہیں اورملک میں ایسا ماڈل بنادیا گیا ہے کہ مال بناؤ اور پاکستان سے باہربھجواتے رہے مگر اب جےآئی ٹی نےشریف خاندان کے پرخچےاڑا کررکھ دیے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت کا پورا ھساب کتاب لے آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کوایک ہزارروپے انعام بھیجنا ہے کیوں کہ مولانا نے نوازشریف کو کہہ دیا ہے کہ ڈٹ جاؤ سوا ستیاناس ہے اس لیے وزیراعظم کو آخری مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اس سے جان چھڑائیں کیوں کہ شریف خاندان کے خلاف فیصلہ آیا تو مولانا فضل الرحمان بھی ساتھ چھوڑجائیں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے کہ جےآئی ٹی میں 6 عظیم ارکان تھے جنہوں نے شفاف تحقیقات میں کوئی دباؤ نہیں لیا اوراپنے جان و مال اور بیوی بچوں کی بھی پروا نہیں کرتے ہوئے قوم و ملک کی بہتری کے لیے حق اور سچ پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ مرتب کی جو شریف خاندان کو گھٹنے پر مجبور کردے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ حکومت کی ڈھٹائی دیکھیں کہ چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کو مقدمے کے باوجود معطل نہیں کیا گیا اس طرح کے اقدامات کر کے حکمراں قوم کو کیا پیغام دے رہا ہے اور تحقیقاتی اداروں کو کیا کہنا چاہ رہے ہیں؟

شیخ رشید نے ماضی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مسفیلڈ سےخفیہ ملاقات پرپرویزمشرف نےظفراللہ جمالی کوہٹایا اسی طرح سعودی کنگ سے ملاقات میں نوازشریف کے ساتھ صرف شیخ سعید ساتھ ہوتا ہے جو کہ ثابت ہو چکی ہے اس لیے بھی ان کا حکمراں رہنے کا جواز نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ جےآئی ٹی رپورٹ ان کی سوچوں کےمکمل برعکس آئی اس لیے لگتا ہے کہ پاناما کیس اللہ کی طرف سے ہے جس سے نوازشریف نہیں بچ سکیں گے اب گاڑی نہیں پورے بلکہ ٹبرکی ٹائمنگ آؤٹ ہے اور گاڑی و انجن دونوں کا نمبرٹمپرڈ نکلے گا اور آئندہ نسلیں انہیں چورخاندان کےنام سے جانیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ نواز دور میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن ہوئی ہے اور شریف خاندان دولت چھپانے میں ناکام ہوگیا ہے چنانچہ قتدارسے ہٹتے ہی کرپشن کی نئی نئی داستانیں سامنے آئیں گی جس کے بات صحیح معنوں میں جمہوریت قائم ہو گی جو کہ صاف و شفاف قیادت پر مشتمل ہو گی۔

Print Friendly
Please follow and like us:

Comments

comments

اس ویب سائیٹ پر موجود تمام تحریری مواد کے جملہ [email protected] اے آروائی نیوز کے نام محفوظ ہیں

To Top