تازہ ترین

شریف خاندان اور وزرا نے نیب میں طلبی کا نوٹس ہوا میں اڑا دیا

لاہور: نواز شریف پاناما کیس کی مزید تفتیش میں رکاوٹ بن گئے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود نیب تفتیشی عمل آگے نہ بڑھا سکا۔ نواز شریف پہلی ہی پیشی پر نیب حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو آج نیب آفس لاہور میں طلب کیا گیا تھا۔

نیب نے ریفرنسوں کے معاملے پر آج شریف فیملی سے جواب طلب کیا جبکہ طارق شفیع اور وفاقی وزیر اسحٰق ڈار کو بھی ذاتی طور پر پیش ہونے کے لیے کہا تھا۔

تاہم شریف خاندان اور ان کے وزرا نے نیب کا حکم ہوا میں اڑا دیا۔ طلب کیے جانے والے افراد میں سے کوئی بھی نیب میں پیش نہ ہوا۔

اے آر وائی نیوز نے روایت برقرار رکھتے ہوئے 2 روز قبل ہی شریف خاندان کی حکمت عملی سے آگاہ کر دیا تھا کہ وہ نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔

خیال رہے کہ عدالت نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے شریف خاندان کے خلاف 4 علیحدہ علیحدہ نیب ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کھل گئی

سپریم کورٹ نے نیب کو جے آئی ٹی رپورٹ کی خفیہ جلد نمبر 10 بھی فراہم کردی تھی تاکہ نیب ریفرنسز کی تیاری میں انہیں استعمال کیا جاسکے۔

نیب راولپنڈی نے 11 اگست کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادوں کو 18 اگست کو نیب لاہور آفس میں طلب ہونے کا حکم دیا تھا۔

تاہم مسلم لیگ ن کے ترجمان سینیٹر آصف کرمانی نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ سابق وزیر اعظم 18 اگست کو نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔


Comments

- Advertisement -