تازہ ترین

روبوٹ سیکیورٹی گارڈ کی پانی میں ڈوب کر خودکشی

واشنگٹن: امریکا میں ایک شاپنگ مال کی سیکیورٹی کے فرائض پر معمور ایک روبوٹ نے خود بخود پانی میں گر کر اپنی مشینی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

نائٹ اسکوپ نامی یہ سیکیورٹی روبوٹ واشنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیتا تھا جب ایک دن اچانک وہ تالاب کے قریب پانی میں گر پڑا اور ٹوٹ گیا۔

اسے بنانے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ اپنے ارد گرد کے ماحول کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتا تھا جس کے لیے وہ اپنے اندر نصب ویڈیو کیمروں، سینسرز اور مائیکرو فونز سے مدد لیتا تھا۔

ان کے مطابق اپنے اندر نصب شدہ نظام کے تحت جب بھی یہ روبوٹ کسی مجرمانہ فعل یا مجرم کو قریب پاتا تو شور کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا جس سے آس پاس موجود لوگ خبردار ہوجاتے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو محسوس کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے پٹرولنگ کے قابل تو تھا، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ روبوٹ کے نظام میں پانی کسی خطرے کے طور پر شامل نہیں کیا گیا۔

لہٰذا جب وہ روبوٹ پانی کے قریب آیا تو اسے کسی خطرے کا اشارہ نہیں ملا اور وہ حسب معمول چلتا ہوا تالاب کے قریب پہنچا اور یوں پانی میں گر کر ٹوٹ گیا۔

روبوٹ کی اس ’خودکشی‘ پر ایک ٹوئٹر صارف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ہمیں اڑنے والی گاڑیاں میسر ہوں گی۔ لیکن اس کی جگہ ہمیں خودکش روبوٹ مل گئے‘۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -