تازہ ترین

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز...

چمن میں طوفانی بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں طوفانی بارشوں نے...

دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں

لاہور: موسم بدلنے کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید دھند چھا گئی ہے اور حد نگاہ صرف 20 میٹر تک رہ گیا ہے۔ شدید دھند کی وجہ سے اب تک مختلف حادثات میں صوبے بھر میں 10 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اس دھند کو سموگ یعنی گرد آلود دھند کا نام دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سموگ کا سلسلہ آئندہ 5 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

دھند میں گاڑی چلانا ایک ایسا عمل ہے جو نہایت احتیاط کا متقاضی ہے۔ ذرا سی بے احتیاطی آپ کی اور دوسروں کی جان لینے کا سبب بن سکتی ہے۔ نہ صرف ڈرائیونگ کے دوران بلکہ سڑک پر چلنے کے دوران بھی بے حد احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

یہاں ہم آپ کو وہ احتیاطی تدابیر بتا رہے ہیں جو دھند کے موسم میں آپ کو اختیار کرنی چاہیئں۔

ڈرائیونگ کے دوران

دھند، برفباری اور خطرناک موسم میں انتہائی مجبوری کے علاوہ سفر نہ کریں۔

دھند، برفباری، خطرناک موسم، ٹریفک کا رش، خطرناک راستہ اور رات کے وقت ناتجربہ کار ڈرائیور گاڑی چلانے سے گریز کریں۔

ذہنی و جسمانی طور پر کمزور شحض کو گاڑی نہ دیں۔ ذہنی و جسمانی تکلیف میں مبتلا افراد بھی ڈرائیو نگ سے گریز کریں۔

شدید صدمہ یا غیر معمولی اظہار مسرت بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ لہٰذا بہت زیادہ صدمہ یا بہت زیادہ خوشی میں بھی گاڑی نہ چلائیں۔

دھند میں ہیڈ لائٹ، بیک لائٹ کے علاوہ ڈبل اشارے لگا کر گاڑی چلائیں۔

شدید دھند میں فوگ لائٹ کا استعمال ضرور کریں۔

دھند میں رفتار مناسب رکھیں۔ بہت زیادہ یا بہت کم رفتار نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

شدید دھند ہو جائے تو کسی ہوٹل یا پیٹرول پمپ پر رک جائیں۔ اگر سفر ناگزیر ہو تو دوران سفر اگلی پچھلی گاڑیوں میں محفوظ فاصلہ رکھیں۔

دھند میں انتہائی ایمرجنسی کے علاوہ سڑک کے کنارے بھی گاڑی کھڑی نہ کریں۔

دھند اور رات کے وقت ون وے کی خلا ف ورزی، بغیر لائٹوں کے سفر، غلط پارکنگ وغیرہ کے نتائج تباہ کن ثابت ہوسکتے ہیں۔

خراب مو سم میں وائپر درست رکھیں اور اسکرین مع شیشے صاف رکھیں۔

شدید دھند میں ٹیپ ریکارڈر کی آواز کم سے کم رکھیں تاکہ آپ کا دھیان ٹریفک پر زیادہ سے زیادہ رہے اور آپ دیگر گاڑیو ں کی آواز سن کر ان کی آمد سے آگاہ ہوسکیں کیونکہ وزیبلیٹی بہت کم ہوتی ہے۔

دھند، بارش، برفباری میں روڈ پر پھسلن میں انتہائی محتاط ڈرائیونگ کریں۔

گاڑی ڈرفٹ کرنے سے الٹ سکتی ہے لہٰذا ایسا کرنے سے گریز کیا جائے۔

سفر شر وع کرنے سے قبل گاڑی کا تیل، پانی، بریک چیک کرلیں۔ تاکہ دوران سفر آپ کو دشواری نہ ہو۔

اگلی اور پچھلی گاڑی سے مناسب فاصلہ نارمل حالات سے بڑھا دیں۔

یقینی بنائیں کہ پچھلی گاڑی بھی آپ سے دور رہے۔ اگر وہ قر یب محسوس ہو تو آہستہ آہستہ بریک کا اشارہ کر کے اسے دور ہونے پر مجبور کریں۔ بصورت دیگر اسے اوور ٹیک کرنے دیں۔

گاڑی پر مقررہ حد سے زائد سامان کی صورت میں سفر رو ک دیں۔

سامان گاڑی سے باہر ہو تو سائیڈز پر اور پیچھے لائٹس یا چمکدار سرخ یا پیلا کپڑا باندھیں یا لٹکائیں۔

گاڑی خراب ہونے کی صورت میں

دھند، رات کے وقت یا خطرناک موڑ کے اوپر روڈ پر حادثہ یا گاڑی خراب ہوجائے تو ہر ممکن کوشش کریں کہ گاڑی سڑک کے انتہائی بائیں جانب جا کر کھڑی کریں تاکہ پیچھے سے آنے والی کوئی گاڑی نہ ٹکرائے۔

خراب ہونے کی صورت میں اگر گاڑی سڑک پر ہی کھڑی ہوجائے تو گاڑی میں موجود تمام افراد فوراً اس سے باہر نکل کر سڑک سے نیچے کھڑے ہوجائیں۔

گاڑی کو اپنی مدد آپ کے تحت یا کسی کی مدد سے سائیڈ پر کریں۔

اگر روڈ سے ہٹانا نا ممکن ہو تو بلا تاخیر متعلقہ محکمہ موٹر و ے پولیس ، ضلع پولیس یا ر یسکیو کو اطلاع دیں۔

پیدل چلنے والوں کے لیے حفاظتی تدابیر

پیدل چلتے ہوئے ہمیشہ سڑک کے دائیں جانب پیدل چلیں۔ یادرکھیں گاڑی سڑک کے بائیں جا نب چلائی جاتی ہے جبکہ پیدل اشخاص سڑک کے انتہائی دائیں جانب سڑک سے نیچے کچی جگہ یا فٹ پاتھ پر چلیں۔

پیدل چلنے والے اپنا رخ آنے والی ٹریفک کی طرف رکھیں تاکہ گاڑیو ں کی حرکات و سکنات کو دیکھ کر ایمرجنسی میں اپنا بچاؤ کر سکیں۔

روڈ پار کرنے سے قبل رک جائیں اور دونوں اطراف سے ٹریفک کو اچھی طر ح دیکھ لیں پھر پار کرنا شروع کریں۔

بھاگ کر روڈ پار نہ کریں البتہ تیزی سے روڈ پار کریں تاکہ یہ عمل جلد مکمل ہوجائے۔

اگر سڑک ون وے ہو تو اس عمل کو 2 حصوں میں تقسیم کریں۔ سڑک کا ایک حصہ پار کر کے درمیان میں رک کر دوسری جانب کی ٹریفک کو دوبارہ دیکھ لیں۔

جہاں پر پیدل کراسنگ کے لیے پل موجود ہو وہاں اس کا استعمال لازمی کریں کیونکہ ایسا نہ کرنا نقصان کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔

روڈ پار کرنے کے لیے سیدھی سڑک کا انتخاب کریں جہاں سے آپ دونوں اطراف کی ٹریفک دیکھ سکیں۔

چھوٹے بچوں کو آزاد مت چھوڑیں ان کا ہاتھ پکڑ کر رکھیں۔

رات کے وقت ہلکے رنگ کے کپڑ ے پہننا سڑک پر پیدل چلنے کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس سے آپ جلد ی دکھائی دیں گے۔

سڑک کے اوپر یا قریب غیر ضروری طور پر ہرگز نہ رکیں۔

سڑک پر کام کرنے والے مزدور یا دیگر افراد چمکنے والی جیکٹ کا لازمی استعمال کریں۔

روڈ پر چھلکے، بوتلیں اور لفافے وغیرہ پھینکنے سے گریز کریں۔ یہ ڈرائیور حضرات کی توجہ بھٹکا سکتے ہیں۔

یاد رکھیں، آج آپ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی کی جان بچائیں گے، تو کل کوئی اور بھی آپ کے کسی پیارے کی جان بچا سکتا ہے۔

Comments

- Advertisement -