تازہ ترین

پانڈا معدومی کے خطرے کی زد سے باہر

ماحولیات اور جنگلی حیات کے ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ چین کا پانڈا معدومی کے خطرے کی زد سے باہر نکل آیا ہے اور اب اس کی نسل کو معدومی کا خدشہ نہیں ہے۔

عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پانڈا کی نسل کو اب مکمل معدومی کا خطرہ نہیں ہے البتہ اسے خطرے سے دو چار یا غیر محفوظ جنگلی حیات کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔

panda-3

ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی حکومت نے پانڈا کے تحفظ کے لیے ان کی پناہ گاہوں اور رہنے کے جنگلات میں اضافہ کیا اور غیر معمولی کوششیں کی جس کے باعث پانڈا کی آبادی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ عشرے میں پانڈا کی تعداد میں 17 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اب ان کی تعداد 2000 ہوگئی ہے۔

panda-2

جنگلی حیات کے تحفظ کی تنظیم ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق یہ ایک حوصلہ افزا صورتحال ہے۔ ان کے مطابق اس میں حکومت کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں اور مقامی آبادیوں کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔

panda-4

آئی یو سی این کے مطابق کلائمٹ چینج یا موسمیاتی تغیر کے باعث پانڈا کے رہائشی جنگلات میں ایک تہائی کمی ہوسکتی ہے۔ پانڈا اپنی رہائش مخصوص درختوں کے جنگلات میں رکھتا ہے جنہیں بمبو فاریسٹ کہا جاتا ہے۔

panda-5

اس سے قبل امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پائی جانے والی لومڑیوں کی ایک قسم بھی معدومی کے خطرے کی زد سے باہر آچکی ہے۔ ان لومڑیوں کا قد چھوٹا ہوتا ہے اور انہیں ننھی لومڑیاں کہا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق ان لومڑیوں کو اگلے عشرے تک معدومی کا 50 فیصد خطرہ تھا اور اسے شدید خطرے سے دو چار نسل کی فہرست میں رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے یعنی گلوبل وارمنگ کے باعث دنیا میں موجود ایک چوتھائی جنگلی حیات 2050 تک معدوم ہوجائے گی۔

Comments

- Advertisement -