تازہ ترین

مانچسٹر دھماکا، حملہ آور کی شناخت سلمان عابدی کے نام سے ہوگئی

مانچسٹر: برطانیہ کے میوزیکل کنسرٹ کے باہر ہونے والے خود کش حملہ آور کی شناخت سلمان عابدی کے نام سے ہوگئی،  دھماکے کی ذمہ داری اسلامی شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی۔

برطانوی پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت 22 سالہ سلمان رمضان عابدی کے نام سے ہوئی ہے، وہ لیبائی نژاد برطانوی شہری ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کنسرٹ کے باہر ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تاہم آئی ایس آئی ایس کی جانب سے اس حوالے سے بھی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

داعش نے اپنی ویب سائٹ پر مانچسٹر دھماکے کی ذمہ داری قبول کی اور انہیں حملوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے مزید حملے جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

دوسری جانب برطانوی پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آور کے والد لیبائی پناہ گزین تھے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق برطانوی پولیس نے وہ گھر تلاش کرلیا ہے جہاں اس کے اہل خانہ مقیم تھے، اس گھر کی تلاشی لی گئی اور اطلاعات ہیں کہ اس کے بھائی اسماعیل عابدی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

یہ پڑھیں: مانچسٹر ایرینا میں خودکش دھماکہ‘22افراد ہلاک‘59 زخمی

یاد رہے  گزشتہ روز مانچسٹر ایرینا میں کنسرٹ کے دوران ہونے والےخود کش دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 59 سے زائد زخمی جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے، برطانوی حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں اکثریت کی عمر 15 سال کے قریب ہے۔

واقعے کے فوری بعد مانچسٹر میں ایک مسجد کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔

اسی سے متعلق: مانچسٹر: نامعلوم افراد کی مسجد کو آگ لگانے کی کوشش

Comments

- Advertisement -