تازہ ترین

کاروباری شخصیت کی وزیراعظم کو بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

کراچی: وزیراعظم شہباز شریف کو کاروباری شخصیت عارف حبیب...

وزیراعظم شہباز شریف کی مزار قائد پر حاضری

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ...

ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس روانہ

کراچی: ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان...

پاک ایران تجارتی معاہدے پر امریکا کا اہم بیان آگیا

واشنگٹن : نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا...

کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پورا شہر متاثر، تاجروں‌ کا کے الیکٹرک کو الٹی میٹم

 

کراچی: شہر قائد میں بجلی کا بحران مزید بڑھ گیا، بائیس دنوں میں چھٹا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس سے پورا کراچی متاثر ہے، کئی علاقوں میں 4 تا 5 گھنٹے سے بجلی بند ہے، صنعتی علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی، تاجروں نے دھرنا دینے کی دھمکی دے دی۔

اطلاعات کے مطابق شہر بھی میں شیڈول یعنی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھرپور طریقے سے جاری ہے، کئی علاقوں میں چار سے پانچ گھنٹے گزرنے کے بعد بھی شہر میں بجلی کی فراہمی معمول پرنہ آسکی۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق رمضان سے قبل یہ ایک اور بریک ڈائون ہوا ہے جو کہ گزشتہ 22 دنوں میں چھٹا بڑا بریک ڈاؤن ہے، اس بریک ڈاؤن سے کراچی کا سو فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔

نمائندے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری پریشان ہیں،  گلستان جوہر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل ہے، ناظم آباد،نیو کراچی،اورنگی،کورنگی، کیماڑی کلفٹن،ماڑی پور،سعود آباد،شاہ فیصل سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہے۔

فالٹ دور کرنے میں دو سے  تین دن لگ سکتے ہیں، کے الیکٹرک

دوسری جانب کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی کا پول گرنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی، مرمتی کام میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں، فالٹ دور کرنے کے لیے کام جاری ہے، ٹیم واپڈا سے رابطے میں ہے جیسے ہی مسئلہ حل ہو بجلی بحال ہوجائے گی۔

ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں  ہورہی، وزارت پانی و بجلی

دوسری جانب ترجمان وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں  کی جارہی، بڑے شہروں میں4،چھوٹے شہروں اور دیہات میں 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوری ہے۔

بجلی کا شارٹ فال 2802 میگا واٹ رہ گیا ہے، بجلی کی طلب 18728  اور پیداوار 15926 میگا واٹ ہے۔

تاجر نے کے الیکٹرک کے خلاف دھرنے کی دھمکی دے دی

غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کراچی تاجر اتحاد نے کے الیکٹرک کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دے دیا۔

تاجر رہنما عتیق میر نے کہا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں کے الیکٹرک نے قبلہ درست نہ کیا تو دھرنا دیا جائے گا اور وہ دھرنا ان کے دفتر کے باہر ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث تاجروں کو 2 ارب روپے کا انقصان ہوا،  خریدار مارکیٹوں سے واپس جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ بجلی کا بہت بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے جس میں ساٹھ فیصد مارکیٹیں بجلی سے محروم ہیں جب کہ شدید گرمی میں بجل کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کو بے حال کردیا۔

جب چاہا بجلی بند کردی، کام کیسے ہوگا،بیزار آگئے، شہریوں کا رد عمل

اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ لو ڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں، جب چاہا بجلی بند کردی، ایک گھنٹہ بجلی آتی اور ایک گھنٹہ جاتی ہے، ہم حکومت سے بیزار آگئے۔


ایک دکان دار نے کہا کہ لائٹ ہوگی تو کام ہوگا، دوسرے نے کہا کہ حالات بہت خراب ہیں، لائٹ جانے سے عاجز آچکے۔(دیکھیں ویڈیو)

بجلی کی لوڈ شیڈنگ صرف کراچی کا مسئلہ نہیں ہے، ملک بھر کے چاروں صوبوں کے تمام شہروں اور گاؤں دیہات میں بھی صورتحال اسی طرح ہے، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ دھڑلے سے جاری ہے جسے فالٹ کا نام دے دیا جاتا ہے۔

Comments

- Advertisement -