تازہ ترین

بھارت کے سابق وزیراعلیٰ نے 82 سال کی عمر میں انٹر پاس کرلیا

چندھی گڑھ : بھارت کے سابق وزیر اعلیٰ ہریانہ نے 82 سال کی عمر میں 12 ویں کا امتحان پاس کر لیا وہ مقامی جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ کے چار بار وزیر اعلٰی کے عہدے پر فائز رہنے والے اوم پرکاش چوٹالہ نے 82 سال کی عمر میں بارہویں جماعت کا امتحان پاس کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اس وقت بدعنوانی کے جرم میں سزا کاٹ رہے ہیں اور انھوں نے انٹر کا امتحان دہلی کی تہاڑ جیل میں دیا اور تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔

سابق وزیراعلٰی اوم پرکاش کے بیٹے ابھے چوٹالہ نے اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد جیل میں گزارے گئے وقت کو بامعنی بنانے کے لیے روزانہ جیل کی لائبریری جاتے، اخبارات پڑھتے اور کتابوں کا مطالعہ کرتے تھے اور اسی دوران انہوں‌ نے انٹر کا امتحان پاس کیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ اور 54 دیگر افراد کو سنہ 1999 اور 2000 کے درمیان 3206 اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے دستاویز میں جعل سازی اور کامیاب امیدوار کے بجائے رشوت کے عوض نوکریاں دینے پر سزا سنائی گئی تھی۔

Comments

- Advertisement -