تازہ ترین

چین پاکستان معاہدوں کے حوالے سے آئی ایم ایف کا اہم بیان

عالمی مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ چین پاکستان...

جون تک پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی : وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ پی...

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

کراچی ہاکس بے پر 12 افراد ڈوب کر جاں‌ بحق

کراچی: شہر قائد کے ساحل ہاکس بے پر پکنک منانے والے 12 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، تمام لاشیں نکال لی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر متعدد افراد پکنک منانے آئے، کچھ افراد گہرے سمندر میں نہانے نکلے تو ڈوبنے لگے جن کی تعداد چار تھی بعدازاں انہیں بچانے کے لیے دیگر افراد گئے تو وہ بھی ڈوب گئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ لاشیں نکال لی گئی ہیں ڈوبنے والے افراد کی تعداد 12 ہے، ڈوبنے والے تمام افراد میں سے کسی کو بھی تیرنا نہیں آتا تھا۔

سعد ایدھی نے بتایا کہ ابھی معلوم کیا جارہا ہے کہ ان افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے یا الگ الگ ہیں، بقیہ دو افراد کی تلاش کے لیے ہمارے تین سے چار غوطہ خور کام کررہے ہیں۔

چار بار پولیس نے ان افراد کو گہرے سمندر میں جانے سے منع کیا

اے آر وائی نیوز کے نمائندے کامل عارف نے بتایا کہ یہ تمام افراد ایک ہی خاندان کے ہیں، اس گھرانے کا تعلق ناظم آباد سے ہے، چار بار پولیس اہلکاروں نے ان افراد کو تیز لہروں میں جانے سے منع کیا تھا لیکن ان افراد نے پولیس کی ہدایات کو نظر انداز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اندھیرا بڑھتا جارہا ہے جس کے بعد غوطہ خوروں کا امدادی عمل روکنا پڑے گا۔

لوگوں کو خود بھی تھوڑا سوچنا چاہیے، ڈپٹی میئر

اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چیک پوسٹیں بھی بنی ہوئی ہیں اور آگاہی بھی دی جاتی ہے لوگوں کو خود بھی تھوڑا سوچنا چاہیے، ہمارے ہاں کا سمندر اس قابل نہیں کہ اس میں نہایا جائے، ہلاکتوں کے بعد خاندانوں کو جو تکالیف ہوتی ہیں وہ ناقابل برداشت ہوتی ہیں۔

انہوں ںے عوام سے درخواست کی کہ وہ گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں، سمندر میں ضرور نہائیں زیادہ آگے تک نہ جائیں، ہم نے ساحل پر تعینات پولیس کی نفری میں اضافہ کرنے کی درخواست کررکھی ہے۔

متاثرہ فیملی ناظم آباد کی رہائشی ہے، ایس پی

ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ متاثرہ فیملی ناظم آباد کی رہائشی ہے۔

عوام کو سمندر میں جانے سے روک دیا جائے، وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے حادثے میں اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو فوری طور پر ریسکیو اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر متاثرہ خاندانوں سے ہر ممکن تعاون کرے، پولیس سمندر پر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے، عوام کو سمندر میں  جانے سے روکنے کے لیے تھانہ جات کی سطح پر اقدامات کیے جائیں، ایڈیشنل آئی جی واقعے پر پولیس اقدامات کی رپورٹ فوری ارسال کریں۔

جاں بحق افراد کی شناخت ہوگئی

تازہ اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں سے چند کی شناخت ہوگئی ہے جن میں آمنہ طاہر،ایمان ناصر،پروین اسلم،صغریٰ بی بی، اقرا، سعود، طہٰ، عاطف، حمزہ شامل ہیں، بقیہ کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

 

Comments

- Advertisement -