تازہ ترین

مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کے لیے ضروری امر ہے، مثبت کردار ادا کرنے کوتیار ہیں، چین

بیجنگ : چین نے پاک بھارت کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مثبت کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے

یہ پیشکش چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے بیجنگ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران دی جس میں پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ مسئلہ کشمیرکا حل نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے خطے میں بے یقینی کی سی صورت حال قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین خطے میں امن کا خواہاں ہے اور پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے چین اپنا ’’تعمیری کردار‘‘ ادا کرنے کو تیار ہے کیوں کہ چین خطے میں پائیدار امن کے لیے بات چیت پر یقین رکھتا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت جلد دور رس اقدامات کر کے سرحدوں پرموجود کشیدگی کو کم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جس سے خطے میں امن و استحکام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں چینی ترجمان گنگ شوانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں جنہیں اپنی ذمہ داریاں بھی سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کشیدہ حالات کے سبب اب یہ مسئلہ عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے اور عالمی برادری کو بھی اس بات کا اندازہ ہو چکا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ چینی ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب خود چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔

Comments

- Advertisement -