تازہ ترین

اےآر وائی حملہ کیس: فاروق ستار کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

کراچی: پاکستان مخالف نعرے لگانے اور اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی جی رینجرز کو ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سمیت دیگر ملزمان کی 31 مئی تک گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق 22 اگست کو اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کرنے کے کیس میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی گرفتاری کا حکم جاری ہوگیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کو ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار سمیت دیگر ملزمان کو 31 مئی تک گرفتار کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

مزید پڑھیں: اے آر وائی نیوز کے دفتر پر ایم کیو ایم کارکنان کا حملہ

عدالت نے ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان کے وارنٹ بھجوا دیے۔

اے ٹی سی نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے 31 مئی کو پیش کیا جائے۔

یاد رہے کہ 22 اگست کو قائد متحدہ کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔

مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی، سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اے آر وائی کے دفتر پر حملہ کرنے والے 3 ماسٹر مائنڈ گرفتار

واقعے کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئی۔

حملے میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ حملہ آوروں میں شامل خواتین کو بھی گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی ملی تھی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -