راولپنڈی : پاک فوج نے ڈان لیکس سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا ٹوئٹ واپس لے لیا، میجر جنرل آصف غفور کچھ دیر میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا ڈان لیکس سے متعلق ٹویٹ واپس لے لیا گیا اورکہا گیا ہے کہ ڈان لیکس سے متعلق 29 اپریل کا ٹویٹ حکومت، کسی شخصیت یا ادارے کے خلاف نہیں تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیرا 18 کی منظوری اورعملدرآمد کے بعد ڈان لیکس کا معاملہ حل ہوگیا ہے، پاک فوج جمہوری عمل کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
یاد رہے کہ ڈان لیکس کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد پاک فوج نے ڈان لیکس کا نوٹی فکیشن مسترد کردیا تھا اوراسے نامکمل قراردیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاک فوج نے ڈان لیکس کا حکومتی نوٹی فکیشن مسترد کردیا
ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے ویب سائٹ ٹویٹرپراپنے پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس نے جو نوٹیفکیشن جاری کیا وہ نامکمل ہے، فوج ان سفارشات کومسترد کرتی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹفیکیشن انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق نہیں ہے۔
Notification on Dawn Leak is incomplete and not in line with recommendations by the Inquiry Board. Notification is rejected.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) April 29, 2017
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے ڈان لیکس پرایکشن لیتے ہوئے وزیراطلاعات پرویزرشید کو ان کے عہدے سے فارغ کیا گیا تھا جبکہ طارق فاطمی سے بھی ان کی خدمات واپس لے لی گئی ہیں ۔ ڈان کے حوالے سے کارروائی کے لیے سفارشات آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کو بھیج دیے گئے ہیں۔