ہوم بلاگ

نواز الدین صدیقی نے بیٹی سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

0
نواز الدین صدیقی

بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی نے بیٹی کو ایکٹنگ اسکول میں داخلہ دلوا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نواز الدین صدیقی چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹی شورا صدیقی بھی فلمی دنیا میں قدم رکھے اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکار بنے۔

نوازالدین صدیقی نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شورا اپنے خوابوں کو پورا کرے، وہ 13 سال کی ہے اور پرفارمنگ آرٹس کو آگے بڑھانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسے ایکٹنگ اسکول میں داخل کروایا ہے، میں چاہتا ہوں کہ اگر وہ پیشہ ورانہ طور پر اداکاری کرنا چاہتی ہے تو وہ ایک تربیت یافتہ اداکارہ بنے۔

نوازالدین نے یہ بھی کہا کہ اداکاری ایک فن ہے، میں ہمیشہ اس کی ہر ممکن مدد کروں گا لیکن صرف اتنا کافی نہیں، یہاں تک کہ میں اسے بہترین اداکاری کے اسکولوں اور ورکشاپس میں لے جاؤں گا۔

 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نوازالدین صدیقی اور ان کی اہلیہ عالیہ نے بیٹے یانی اور  بیٹی شورا کی خاطر صلح کر لی تھی۔

میڈیکل کالج کی طالبات سے بھری وین پولیس تھانے لے گئی

0

میڈیکل کالج کی طالبات سے بھری وین کو اسلام آباد پولیس تھانے لے گئی۔

ڈرائیور کی جانب سے کاغذات نہ دکھانے پر پولیس نے طالبات سے بھری وین کو تھانے منتقل کر دیا جس سے طالبات اور والدین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیرداخلہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آج شام طالبات سے بھری وین کو پرانی ہائیکورٹ کے چوراہے پر روکا گیا وین ڈرائیور کے پاس کاغذات نہ ہونے پر طالبات کو بھی یرغمال بنا لیا گیا۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ کاغذات نہ دکھانے پر ایک اہلکار نے ڈرائیور کو گاڑی تھانے لےجانےکا حکم دیا اور پولیس وین کو تھانے لے آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے اس رویے پر معاملہ سینیٹ میں بھی اٹھایا جائےگا پولیس کایہ رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز پولیس وردی پہننے کی حقدار ہیں، ترجمان پنجاب پولیس

0
مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وردی پہننے پر ترجمان پنجاب پولیس کا مؤقف سامنے آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ترجمان پنجاب پولیس نے لکھا کہ پولیس ڈریس ریگولیشنز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پولیس وردی پہننے کی حقدار ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ سینٹرل پولیس آفس کو سیکڑوں پیغامات موصول ہوئے جس میں پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہا۔

ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ خواتین پولیس افسران تقریب کا جشن منارہی ہیں اور انہوں نے یونیفارم میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی مختلف تصاویر شیئر کی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے اور ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کوششیں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر عدالت میں شہری نے مقدمہ درج کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی تھی۔

آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ  قانون کے تحت کوئی بھی شخص کسی ادارے کی وردی نہیں پہن سکتا۔  مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانے میں درخواست دی لیکن کارروائی نہیں ہوئی، استدعا ہے کہ مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔

یاد رہے کہ لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے مظلوم کی داد رسی کریں اور ظالم کو انجام تک پہنچائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ کی کرسی پربیٹھ کر کسی کے خلاف فیصلہ کرنا ہو تو دل پرپتھررکھ کر کرتی ہوں میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، لیکن مجھے انصاف کرنا ہے۔

زبانِ‌ اردو اور دہلی و لکھنؤ کی تقلید

0

اردو لغات، قواعد اور صحتِ زبان کے لیے عشرت لکھنوی کی تصانیف آج بھی نہایت مفید اور کارآمد ہیں۔ وہ انیسویں صدی میں اردو زبان کے ایک عاشق اور پُر زور داعی کے طور پر ہم عصروں میں نمایاں ہوئے۔ لکھنؤ کے اس شاعر اور نثر نگار کا اصل نام خواجہ محمد عبدالرؤف خان تھا جن کا خیال تھا کہ اردو زبان اپنی خوبیوں کے سبب ہندوستان پر راج کرے گی اور ضرور علمی زبان بنے گی۔ وہ اردو بولنے اور لکھنے کے لیے دہلی و لکھنؤ کی تقلید کو ہندوستانیوں کے لیے ضروری خیال کرتے تھے اور سمجھتے تھے کہ یہ زبان کے مراکز ہیں جن کی تقلید نہ کی گئی تو ہر دوسرے شہر کی اردو الگ ہوگی اور لوگوں کو اس کا سمجھنا دشوار ہوگا۔

جانِ اردو عشرت لکھنوی کی اردو نحو اور محاورات پر مفید کتاب ہے جس سے یہ اقتباس آپ کی دل چسپی کے لیے پیش ہے۔

’’جو لفظ یا جو اصطلاح یا جو محاورہ ہندوستان کے کسی شہر میں یا کسی صوبے میں بولا جاتا ہے اور دہلی اور لکھنؤ میں وہ مستعمل نہیں ہے اور زبان دانانِ دہلی اور لکھنؤ نے اسے قبول نہیں کیا تو وہ ٹکسال باہر اور غلط ہے۔ یہی سبب ہے کہ بعض اجنبی الفاظ اخبارات میں مستعمل ہورہے ہیں یا دوسرے شہروں میں بکثرت بولے جاتے ہیں، مگر عام ہندوستان کے لوگ اُسے غلط مانتے ہیں اور اس سے احتراز کرتے ہیں۔ اس کا سبب یہ ہے کہ اس کی صحت کا سرٹیفکیٹ زبان کے کالج سے حاصل نہیں ہوا یعنی دہلی اور لکھنؤ کے فصحا کے نظم و نثر کلام میں دیکھنے میں نہیں آیا اور ان کی زبانوں پر اس کا استعمال نہیں ملتا۔‘‘

’’مثال کے طور پر لکھا جاتا ہے، ایک لفظ ہے “ٹھہرنا”، بفتح ہائے ہوّز۔ دہلی اور لکھنؤ میں بولا جاتا ہے اور دونوں جگہ کے مستند شعرا نے اسی طرح نظم کیا ہے۔ فصیح الملک مرزا داغ دہلوی مرحوم نے بھی اس کو ثمر، سفر، سحر کے قافیے میں لکھا ہے:

کیونکر پڑے گا صبر الٰہی رقیب کو
گر بعد مرگ میری طبیعت ٹھہر گئی

راہ دیکھیں گے نہ دنیا سے گزرنے والے
ہم تو جاتے ہیں ٹھہر جائیں ٹھہرنے والے

غم کھاتے کھاتے ہجر میں تو روح بھر گئی
اب زہر کھائیں گے یہی دل میں ٹھہر گئی

لیکن اس کو لاہور کے تمام لوگ ٹھیرنا بولتے ہیں اور پنجاب کی تمام کتابوں میں یہ لفظ اسی طرح لکھا جاتا ہے لیکن پنجاب کے سوا ہندوستان میں کوئی شہر اس کی تقلید نہیں کرتا اس لیے یہ لفظ ٹکسال باہر ہے۔‘‘

’’ اسی طرح حیدرآباد میں تقصیر کا لفظ صرف حضور کے معنی پر بولا جاتا ہے مگر لکھنؤ کے عوام عام خاص اس جدت کو غلط جانتے ہیں، اس لیے حیدرآباد کے سِوا تمام ہندوستان کے لوگ اسے غلط جانتے ہیں اور اس معنی پر اس کا استعمال نہیں کرتے۔ افسوس ہے کہ اس زمانے میں بعض نا آشنا نے خود روی اختیار کی ہے اور دہلی اور لکھنؤ کے اس اقتدار کو مٹانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں اور اُس کی لطافتِ زبان اور فصاحتِ کلام سے خار کھاتے ہیں۔‘‘

’’اردو ادب ایسی سہل نہیں کہ بغیر کسی تحصیل کے کوئی اس کی معنوی خوبیوں سے آگاہ ہو سکے۔ لوگوں نے معیارِ ہمہ دانی انگریزی زبان کو بنا لیا ہے۔ ایک ہندوستانی ایم اے سمجھتا ہے کہ میں اردو کا بھی مالک ہوں۔ حالانکہ دو سطریں صحیح اردو کی نہیں لکھ سکتا۔ اس ضد میں زبان خراب ہو رہی ہے اور ہندوستان کے لوگ جس درخت پر بیٹھے ہیں اُس کی جڑ کاٹ رہے ہیں۔ اگر تمام ہندوستان جہالت کے دریا میں غرق ہو جائے جب بھی وہ عظمت اور وہ عزت جو خدا نے زبان کے بارے میں دہلی اور لکھنؤ کو دی ہے، کسی طرح کم نہیں ہو سکتی۔‘‘

’’فرض کیجیے آج تمام ہندوستان کے لوگ اتفاق کرلیں کہ ہم دہلی اور لکھنؤ کی پیروی نہیں کریں گے اور اپنی اپنی زبان بولیں گے۔ نتیجہ یہ ہو گا کہ ہر شہر کی بولی الگ الگ ہو گی۔ ایک شہر کا اخبار دوسرے شہر کے لوگوں کی سمجھ میں نہ آئے گا۔ کوئی کہے گا ٹوپی پہنی، کوئی کہے گا ٹوپی اوڑھی۔ کوئی کہے گا ٹوپی لٹکائی کوئی کہے گا ٹوپی باندھی، کوئی کہے گا ٹوپی چپکائی، کوئی کہے گا ٹوپی لٹکائی، کوئی کہے گا ٹوپی دھری، کوئی کہے گا ٹوپی لگائی، کوئی کہے گا ٹوپی سجی، کوئی کہے گا ٹوپی چڑھائی۔ اتنا بڑا فرق صرف ایک لفظ ایک معنی میں ہو گا تو پوری زبان کا کیا ذکر ہے۔ یہ ایک موٹی بات تھی جو ہم نے بیان کی۔ ورنہ زبان میں باریک پیچیدگیاں بہت ہیں۔ سب کے سب ایک قہار سمندر میں غوطہ کھا کر مرجائیں گے اور جو زندہ رہیں گے جہالت اور مزدوروں کی زندگی بسر کریں گے؛ اور اردو زبان کا جنازہ نکل جائے گا۔ لیکن دہلی اور لکھنؤ کی عظمت و فصاحت و بلاغت بیان و زبان کا نام ہمیشہ قائم رہے گا۔‘‘

ریشبھ پنت نے آئی پی ایل میں پاکستانی بیٹر کا ریکارڈ توڑ دیا

0

بھارتی وکٹ کیپر بیٹر اور دہلی کیپٹلز کے کپتان ریشبھ پنت نے آئی پی ایل میں ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستانی بلے باز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

آئی پی ایل میں دہلی کے بیٹر نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 43 بالز پر 88 رنز کی شاندار اننگز تراشی ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور 8 چھکے شامل تھے جبکہ انھوں نے 204.65 کے اسٹرائیک ریٹ سے یہ اسکور بنایا۔

ریشبھ پنت نے پاکستانی بیٹر عثمان خان کا ریکارڈ توڑا جنھوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوران ملتان سلطانز کی جانب سے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بولر قیس احمد کے 12 بالز پر 54 رنز بٹورے تھے۔

عثمان نے اپنی 43 بالز کی اننگز میں 120 رنز بنائے تھے جس میں 12 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے جبکہ ان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز کا مجموعہ کھ۔ڑا کیا تھا۔

بھارتی وکٹ کیپر بیٹر کی اننگز کی خاص بات یہ تھی کہ انھوں نے پیسر موہت شرما کی 18 بالز پر مجموعی طور پر 62 رنز اسکور کیے۔

آئی پی ایل میں ایک ہی بولر کے خلاف انھوں نے تین چوکے اور سات چھکے لگائے جبکہ اننگز کے آخری اوور میں انھوں نے موہت کے خلاف تابڑتوڑ 30 رنز اسکور کیے تھے۔

چوتھا ٹی 20: نیوزی لینڈ کا پاکستان کو 179 رنز کا ہدف

0

لاہور: چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دے دیا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے چوتھے ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔

اوپنر ٹم روبنسن نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ڈین فوکس کروفٹ 34 رنز بنا کر اسامہ میر کا نشانہ بنے، ٹام بلنڈیل 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

مارک چیپمن کو 9 رنز پر افتخار احمد نے پویلین کی راہ دکھائی۔ جمی نیشم نے 11 رنز بنائے اور کپتان مائیکل بریسویل 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں، زمان خان، محمد عامر، اسامہ میر اور افتخار احمد ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

قومی ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی تھیں، محمد رضوان اور عرفان خان انجرڈ ہیں جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا۔

گرین شرٹس میں محمد عامر، فخر زمان، زمان خان، اسامہ میر اور عماد وسیم کو شامل کیا گیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لاہور میں اوس پڑتی ہے جس کی وجہ سے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، 170 سے 180 رنز اس پچ پر مناسب اسکور ہوگا، کوشش کریں گے پاور پلے کا اچھا استعمال کریں۔

کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے اچھا اسکور بنائیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by BLACKCAPS (@blackcapsnz)

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

کیا سالار2 میں کیارا ایڈوانی اہم کردار میں جلوہ گر ہونے والی ہیں؟

0

بالی وڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی کی قسمت کا ستارہ ان دنوں عروج پر ہے اور وہ کئی نامور اداکاروں اور ڈائریکٹرز کی فلموں میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیارا ایڈوانی کو یش راج فلم جیسے بڑے بینر اور ایس شنکر جیسے ہدایت کار کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب فلم اسٹار پربھاس کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے والا ہے۔ وہ سالار ٹو میں اہم کردارمیں نظر آسکتی ہیں۔

فلم سالار کا پہلا حصہ پچھلے سال دسمبر میں ریلیز ہوا تھا، اب ہدایت کار پرشانت نیل سالار ٹو بنانے کی تیاریاں کررہے ہیں، جس میں ڈان تھری کی اداکارہ ایک خاص گانے میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکتی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ باقاعدہ طور پر اس فلم کا حصہ بننے جارہی ہیں اور سالار میں اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ فلم میکرز ایک بہت زبردست ٹریک پر کام کررہے ہیں جس میں کیارا ایڈوانی اور پربھاس ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

واضح رہے کہ ایک انٹرویو میں اداکارہ کیارا ایڈوانی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ شعبہ اداکاری میں آنے سے پہلے وہ اپنی والدہ کے نرسری اسکول میں بطور ٹیچر کام کرتی تھیں۔

انھوں نے بحیثیت ٹیچر وہ سارے کام کیے جو چھوٹے بچوں کی دیکھ بھال کیلئے کیے جاتے ہیں، ان کی ذمہ داریوں میں بچوں کے ڈائپر تبدیل کرنا بھی شامل تھا۔

ریٹائرمنٹ واپس لیکر دھونی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل ہوسکتے ہیں، سابق بھارتی کرکٹر

0

سابق بھارتی کرکٹرز کو لگتا ہے اگر دھونی ریٹائرمنٹ واپس لے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے آجائیں تو یہ بھارت کیلئے بُرا فیصلہ نہیں ہوگا۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں آئندہ چند ہفتوں میں منعقعد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارتی اسکواڈ میں جگہ حاصل کرنے کے خواہشمند اس وقت کئی بھارتی وکٹ کیپر بیٹرز موجود ہیں۔ ان میں رشبھ پنت، سنجو سیمسن، کے ایل راہول اور دنیش کارتک جیسے پلیئرز شامل ہیں۔

یہ خیال بھارت کے سابق کرکٹرز عرفان پٹھان اور ورون آرون نے پیش کیا ہے۔ کیا ہوگا اگر کسی بھی طرح شعبدے بازی دکھاتے ہوئے دھونی کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا جائے؟ کیا شائقین اسے پسند کریں گے۔

آرون نے بھارتی اسپورٹس چینل پر کہا کہ ہم بھارتی ورلڈ کپ اسکواڈ میں وائلڈ کارڈ انٹری دیکھ سکتے ہیں اور اس کے ذریعے ہم ایم ایس دھونی کو دیکھانا پسند کریں گے۔

انھوں نے ازراہِ مذاق کہا کہ یہ وائلڈیسٹ کارڈ انٹری ہوگی، عرفان پٹھان نے کہا کہ اگر دھونی یہ کہتے ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں تو کوئی بھی اس موقع سے انکار نہیں کرے گا۔

سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ شاید ایسا نہیں ہوگا، تاہم اگر دھونی ایسا چاہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہو گا، کسی شخص کو اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا کیوں کہ وہ اب بھی بہت اچھی بیٹنگ کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ دھونی اس وقت 42 سال کے ہیں مگر اس کے باوجود وہ آئی پی ایل میں اپنی پرانی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں اور عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

اس سیزن میں دھونی نے وقت اور حالات کے مطابق عمدہ بیٹنگ کی ہے جب کہ ابھی تک وہ آؤٹ بھی نہیں ہوئے ، انھوں نے پانچ اننگز میں 35 گیندوں پر 260 کے اسٹرائیک ریٹ سے 91 رنز بنائے ہیں۔

دھونی کو انڈیا کے لیے اپنا آخری میچ کھیلے تقریباً پانچ سال ہو گئے ہیں – 2019 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل، لیکن ہارون اور پٹھان کو USA اور ویسٹ انڈیز میں دھونی کا تھوڑا سا جادو دیکھنے میں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

18ممالک کا اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ لیکن فلسطینی قیدی نظرانداز

0

امریکا اور 17 دیگر ممالک نے حماس سے غزہ کے بحران کو ختم کرنے کے راستے کے طور پر قیدیوں کی رہائی کی اپیل کی ہے۔

ممالک کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں حماس کے 200 دنوں سے زائد عرصے سے قید تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

دستخط کنندگان میں ارجنٹائن، آسٹریا، برازیل، بلغاریہ، کینیڈا، کولمبیا، ڈنمارک، فرانس، جرمنی، ہنگری، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سربیا، اسپین، تھائی لینڈ، برطانیہ اور امریکا کے رہنما شامل ہیں۔

بیان کے مطابق ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے میز پر ہونے والی ڈیل سے غزہ میں فوری اور طویل جنگ بندی ہو گی جس سے غزہ بھر میں اضافی ضروری انسانی امداد کی فراہمی میں مدد ملے گی، اور دشمنی کے قابل اعتبار خاتمے کا باعث بنے گا۔

مذاکرات کی ان جاری کوششوں میں امریکا سمیت اٹھارہ ممالک حماس پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں حماس سے غزہ میں قید تمام اسیروں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن اسرائیلی حکومت کی طرف سے اسرائیل میں قید فلسطینی قیدیوں کی ساتھ ساتھ رہائی کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

عاصم اظہر نے انسٹاگرام سے تمام پوسٹ ڈیلیٹ کردیں

0

معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے انسٹاگرام سے اچانک تمام پوسٹ ڈیلیٹ کردیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گلوکار عاصم اظہر نے اپنی پروفائل پکچر بھی ہٹا دی اور تمام پوسٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے سب کو ان فالو کردیا۔

گلوکار نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ’اپنے آپ کو ڈھونڈنے کے لیے آپ کو پہلے خود کو کھونا ہوگا۔‘

عاصم اظہر کی جانب سے انسٹاگرام سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم ان کے مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ عاصم اظہر نے متعدد گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے جبکہ وہ پی ایس ایل کا ترانہ بھی گنگنا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ میرب علی اور گلوکار عاصم اظہر کی منگنی دو سال قبل ہوئی تھی جس کی اطلاع دونوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کو دی تھی۔

عاصم اظہر منگیتر میرب علی کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر بھی شیئر کرتے رہے ہیں حال ہی میں عید کے موقع پر انہوں نے میرب کی تصویر کی تعریف کی تھی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)