تازہ ترین

پاراچناردھماکا، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی

کرم ایجنسی: پاراچنار سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 24 ہوگئی، 40 افراد زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئے تاہم کچھ گھنٹوں بعد مزید زخمی دم توڑ گئے اور ہلاکتیں 24 ہوگئیں۔

مقامی افراد اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا جبکہ اسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کےمطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لےلیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دھماکے کے بعد فوج اور ایف سی کی کوئیک ریسپانس فورس بھی جائے وقوع پر پہنچی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پارا چنارسبزی منڈی دھماکےمیں 20 افراد شہید،30 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیسی ساختہ بارودی سرنگ 8بج کر50 منٹ پر پھٹی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو سی ایم ایچ اسپتال پشاور منتقل کیا جارہا ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارا چنار دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے دھماکے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پارا چنار کے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہےکہ دہشت گرد کارروائیاں قوم کا عزم کمزور نہیں کرسکتیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے پارا چنار سبزی منڈی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بزدل دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں دسمبر 2015 میں بھی پارا چنار کے عید گاہ لنڈا بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوئے تھے،جس کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی العالمی نے قبول کی تھی۔

Comments

- Advertisement -