تازہ ترین

جنرل راحیل شریف فوجی عدالت سے انصاف دلائیں، طاہر القادری کا مطالبہ

لاہور: عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ دو برس گزرنے کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ایک قدم بھی انصاف کی قدم کی جانب نہیں بڑھ سکا، متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے،جنرل راحیل شریف فوجی عدالتوں کے ذریعے متاثرین کو انصاف دلائیں۔

جمعہ اور ہفتے کی درمیان شب عوامی تحریک کے دھرنے سے  خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھاکہ دیت کے نام پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو کروڑوں روپے اور بیرون ممالک نوکریوں کی پیشکش کی گئی مگر انہوں نے اسے ٹھکرادیا،شہیدوں کے خون کی قیمت لگانے کی کوشش کی گئی، فرعون کی طاقت اور قارون کا خزانہ بھی ان کا ضمیر نہیں خرید سکتا، میں نے اپنے کارکنان کو تیس سال میں جرات ، ہمت ، بہادری سکھائی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہاں کا نظام ظالم اور جابر لوگوں کے لیے ہے، یہ نظام کسی مظلوم کی مدد نہیں کرتا، ادارے بھی طاقتور لوگوں کی مدد کرتے ہیں، پاکستان میں ہرروز قتل ہوتے ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ظالموں کے نظام کو مسترد کردیا، ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نےالزام عائد کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں قتل و غارت کے ذمہ دار وزیر اعظم اور شہباز شریف ہیں،23 سے 24 گھنٹے کام کرنے والا وزیر اعلی 16 جون 2014ء کو اتنا سویا کہ 14 لوگوں کے مرنے اور 100 زخمیوں کے بعد اس کی  آنکھ کھلی، سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی آر درج نہیں ہوئی مگر راحیل شریف کے کردار ادا کرنے سے ایف آئی آر کا انداج ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی مرضی کی جے آئی ٹی بنائی گئی، قتل کے گواہان کو دو دو بار فرد جرم عائد کر کے ملزم بنادیا گیا اب وہ اپنی ضمانتیں کرواتے پھر رہے ہیں، پولیس حکومت کے تابع ہے، انہیں جو حکم ملتا وہی کرتے ہیں، سپریم کورٹ نے درخواستیں بغیر سماعت کے ملتوی کردی ہیں،36 گوائیاں ہیں مگر یہ نہیں کہہ سکتے کہ درخواست کی سماعت ہوگی بھی یا نہیں۔

انہوں نے انصاف کے لیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ وہ فوج عدالتوں سے انصاف دلائیں، پوری قوم کو صرف آرمی پر بھروسہ ہے،راحیل شریف ملکی سالمتی کی علامت ہیں،جنرل راحیل شریف ہی انصاف دلوا سکتے ہیں،نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے دھرنا سحری و نماز فجر کے بعد ملتوی کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ رمضان اور اعتکاف کے سبب یہ دھرنا ختم کیا جارہا ہے لیکن ہمیں جس لمحہ محسوس ہوا کہ انصاف نہیں مل رہا دوبارہ دھرنا دیں گے۔

Comments

- Advertisement -