تازہ ترین

سعودی عرب نے بھارت کی پولٹری مصنوعات پر پابندی عائد کردی

ریاض/ بنگلور: بھارت میں برڈ فلو کے کیسز سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے بھارتی پولٹری مصنوعات کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی انتظامیہ نے کویت سمیت دیگر مغربی ایشیائی ممالک کی طرح بھارتی پولٹری مصنوعات کی درآمدات پر عاضی طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ یہ اقدام بھارت میں برڈ فلو کے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

سعودی عرب نے مغربی ایشیائی ممالک اور کویت کی طرز پر یہ پابندی عائد کی ہے اور یہ اقدام بھارت کی 7 ریاستوں میں برڈ فلو کے کیسز سامنے آنے کے بعد اٹھایا ہے، یہ کیسز سال 2016ء میں بھارت میں رپورٹ ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب کی زراعت و پیداوارکی برآمدی اتھارٹی نے کیا ہے جس کے بعد سعودی وزار ت ماحولیات نے اپنے ایک خط میں تحریر کیا ہے کہ بھارت سے آنے والے زندہ پرندوں ،انڈوں اور چکن میں برڈفلو کی علامات سامنے آئی ہیں جس کی وجہ سے یہ پابندی عائدکی گئی ہے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں بھارت کے متعدد علاقوں میں انفلوئنزا کی وبا پھوٹنے کے بار ے میں رپورٹ جاری کی تھی۔ کویت بھی 4جنوری 2015 میں بھارت سے چکن کی درآمد پرپابندی عائد کرچکاہے ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب دنیامیں بھارتی پولٹری مصنوعات خریدنے دوسرابڑاملک ہے۔

دوسری جانب بھارتی ریاست کرناٹک پولٹری فارمرز اینڈ بریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک کمار نے پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی خریداروں کی جانب سے اس طرح کی پابندی بار بارعائد کی جارہی ہے، حکومت فعال پالیسیوں کے ساتھ ہماری مدد کو آئے۔

اپیڈا کے مطابق بھارت سے پولٹری مصنوعات کی برآمد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 36 فیصد کمی آئی ہے، سال 2016ء میں اپریل تا اکتوبر 297۔53 کروڑ روپے کی برآمدات ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی عرصہ میں یہ مالیت 465.32 کروڑ روپے تھی۔

Comments

- Advertisement -