ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

وزیراعلیٰ سندھ نے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ نے اورنگی تا ٹاور چلنے والے اورنج لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل  سے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے ،بقایا دو ٹرانسپورٹ منصوبے پبلک پارٹنر شپ کے تحت جلد شروع کیے جائیں گے۔

اورنگی ٹاؤن ٹی ایم اے پارک میں اورنج لائن کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی کے عوام کو اُس کا حق دیا اور متعدد منصوبوں کا آغاز کیا جن میں پانی کا بڑا منصوبہ کے فور بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’کے فور ‘‘منصوبے کی تکمیل سے شہر کی 80 فیصد سے زائد پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے، پی پی کی حکومت عوام دوست حکومت ہے اور ہم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شہر کا دوسرا بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے سندھ حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اقدامات کررہی ہے اور شہر میں عوام کے لیے 6 ریپڈ بس ٹرانسپورٹ سروسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

قائم علی شاہ نے  بتایا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں وزیر ری ہیبلی ٹیشن تھے تو جامعہ کراچی کے چند بہاری طلبا  نے سندھ سیکریٹریٹ میں واقع تغلق ہاؤس میں آکر  ان سے ملاقات کی اور تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اورنگی ٹاؤن کے لیے 25 ہزار  ایکڑ زمین مختص کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی طور پر اورنج لائن منصوبہ 4 کلومیٹر تک تعمیر کیا جائے گا جس کے بعد اس کے روٹ میں اضافہ کر کے اسے 9 کلومیٹر تک طویل کیا جائے گا۔

اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ طہٰ فاروقی نے اس منصوبے کے اغراض و مقاصد بتائے کہ یہ منصوبہ 1.14ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے، یہ اصل میں 4 کلو میٹر کا پروجیکٹ ہے، جس کی فی گھنٹہ گنجائش 5 ہزار مسافر ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں چھ مختلف بی آر ٹیز کے مابین کوئی انٹی گریشن کا سسٹم نہیں ہے اور یہ سسٹم ملک میں کہیں بھی موجود نہیں ہے،ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے کراچی میں ہمارے لیے مختلف بی آر ٹیز کے انٹی گریشن سسٹم کی تیاری کا کام شروع کردیا ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ مختلف بی آر ٹی سسٹمز کی آپریٹنگ سے شہر میں ٹریفک جام، روڈ بلاکس کا خاتمہ ہوجائے گا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور اس منصوبے پر آج سے کام کا آغاز ہوگیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں