پیر, مئی 13, 2024
اشتہار

آصف زرداری کی واپسی سے مخالفین میں کھلبلی مچ گئی ہے، مولا بخش چانڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : مشیرِ اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے آنے سے کارکنان بہت خوش ھیں جب کہ مخالفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کا کہناتھا کہ آصف علی زرداری کی واپسی کے اعلان سے ھی مخالفین پریشان ھو گئے تھے کیوں کہ مخالفین جانتے ہیں کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور آصف زرداری کی سیاسی بصیرت سے پی پی پی 2018 میں پورے ملک سے الیکشن جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے دور میں مظلوم طبقات کے فائدے کے لیے نئے قوانین بنائے گئے اور پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ صدرِ مملکت نے اپنے اختیارات وفاق کو اور وفاق سے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے گئے یہ صرف پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔

- Advertisement -

مولابخش چانڈیو نے مفاہمت کی سیاست کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمت نواز شریف سے نہیں تھی مفاہمت جمہوریت کی بقا کے لیے تھی لیکن اس کا فائدہ وفاقی حکومت کو بھی ھوا، جس کا ادراک مسلم لیگ ن نہیں کر پا رہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن عقل کے اندھوں کی جماعت ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کی جانب سے پیپلزپارٹی پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چودھری نثار جو بھی بولیں وزیر اعظم کو ہمت نہیں ہے کہ ان سے وضاحت طلب کرلیں جب مسلم لیگ ن والوں کے پاس سیاسی باتیں ختم ہو جاتی ہیں تو وہ ذاتی تنقید پر اتر آتے ہیں۔

مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ نواز لیگ تنگ نظر جماعت ہے اور ثابت ہو گیا ہے کہ عقل کے اندھوں کی اکثریت مسلم لیگ ن میں ہی ہے، 27 دسمبر کے بعد پیپلز پارٹی کی تحریک سے نواز لیگ کی‌حکومت ختم ہوجائے گی۔

مشیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ رینجرز اور سندھ پولیس کی مشترکہ کاوشوں اور قربانیوں سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے تا ہم رینجرز کی جانب سے کل کی گئی کارروائی سے اچھے تاثر کو ختم کرنیکی کوشش کی گئی ہے، سیاسی مفامت اور اداروں کا آپس میں اعتماد ملک اور قوم کے لیے بہتر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کا مجھے علم نہیں ہے اور پیپلز پارٹی کبھی بھی سولو فلائیٹ کی حامی نھیں رہی ہے جنہوں نے اکیلی اڑان لی ان کو ناکامیاں ملی ہیں جمہوریت پسند پارٹیاں ہمارے ساتھ چل کر ملک کی بہتری کے لیے سیاست کریں گی۔

مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کا تجربہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں