تازہ ترین

لاہورخود کش حملے کے دو مرکزی ملزمان گرفتار، اہم انکشافات

لاہور: گلشن اقبال پارک دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے خود کش حملہ آور کے دو سہولت کار گرفتار کرلیے، گرفتار شدگان شاہد اور خان زیب نے انکشاف کیا ہے کہ خود کش حملہ مہمند ایجنسی کے رہائشی ناصر نے کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہورکے علاقے گلشن اقبال دھماکے میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ مذکورہ دونوں ملزمان نے خود کش حملہ آور کی معاونت کی تھی۔

دھماکے کے وقت دونوں ملزمان پارک کے باہر موجود تھے۔ ملزمان نے بتایا ہے کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کالعدم تنظیم کے لاہور کے امیر محمد خان، حکم خان، مزمل خان، عبدالمنان، توکل جان اور شوکت نے کی۔

حملہ آور کو شوکت اور توکل جان نے خود کش جیکٹ بنا کردی تھی، دھماکے میں ملوث 8 ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ یاد رہے کہ 27 مارچ 2016 کو لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن کے گلشن پارک دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 72 افراد شہید ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : لاہور: گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکہ، 71 افراد جاں بحق

سانحے میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ پارک میں موجود جھولوں کے نزدیک ہوا۔

مسیحی برداری کے ایسٹر کے تہوار اوراتوار کے روز چھٹی کے دن کی وجہ سے پارک میں کافی رش تھا۔ سانحے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔

Comments

- Advertisement -