تازہ ترین

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز پر فکس ٹیکس لگانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بیوٹی پارلرز اور شادی ہالز...

چمن میں طوفانی بارش، ڈیم ٹوٹ گیا، مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

چمن: بلوچستان کے ضلع چمن میں طوفانی بارشوں نے...

کشمیری چائے‘ فوائد اورترکیب

کہتے ہیں ’’ چائے اور کافی کا کوئی موسم نہیں ہوتا بلکہ اسے پینے کو جب دل چاہے تو بس وہی چائے کا موسم ہے ‘‘۔ تاہم موسم سرما اور چائے لازم و ملزم کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اس کی وجہ اس منفرد مشروب کی بدولت جسم میں پیدا ہونے والی حرارت ہے جو سردیوں کی منجمد کر دینے والی ہواؤں میں بھی ہمیں متحرک رہنے کی ہمت دیتی ہے۔

سردیوں کی ہر دل عزیز کشمیری چائے، جو ذائقے اور فوائد کے اعتبار سے بہت ہی اہمیت کی حامل ہے، موسم سرما میں جاڑے کی سرد ہواؤں میں گرما گرم کشمیری چائے سردیوں کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔

kashmiri

کشمیری چائے کو خاص مواقع پر بنیادی طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جیسے شادیوں میں جبکہ موسم سرما کے مہینوں کے دوران یہ بہت سی چھوٹی دکانوں پر فروخت کیا جاتا ہے.

اکثر ہماری خواتین کو یہ شکایت رہتی ہے کہ کشمیری چائے گھر میں ویسی نہیں بنتی جیسی بازار اور ریستوران میں ملتی ہے۔ اگر اس کے تمام اجزا اور مقدار ساتھ میں طریقہ کار کو ہم ٹھیک طرح سے ذہن میں رکھیں، تو ہم بازار اور ریستوران کا ذائقہ گھر میں ہی حاصل کر سکتے ہیں۔

کشمیری چائے کی بے حد آسان اور مختصر ترکیب دیکھیں۔

اجزا

سبز چائے کی پتیاں – ایک کھانے کا چمچا

لونگ – چار عدد

دار چینی – ایک بڑا ٹکرا

چھوٹی الائچی- چار پانچ عدد

کھانے کا سوڈا – ایک چٹکی

نمک – ایک چٹکی

شکر – حسب ذائقہ

دودھ – ایک کلو

پانی – چار پیالی

بادام اور پستہ – حسب ذائقہ

tea-1

ترکیب

ایک بڑے سوس پین میں پانی ڈالیں، اس کے بعد اس میں سبز چائے کی پتیاں، لونگ، دار چینی، الائچی اور نمک ڈال کر ابال لیں، جب پانی ابلنے لگے، تو اس میں سوڈا ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں، یہاں تک کہ پانی کا رنگ سرخ ہو جائے۔

پھر اس کو اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہو کر ایک پیالی رہ جائے۔

اس کے بعد اس میں دودھ اور چینی شامل کر کے پکائیں اور بادام اور پستے پیس کر اس میں شامل کردیں اور گرما گرم مزے دار کشمیری چائے کا لطف اٹھائیں۔

کشمیری چائے کے فوائد

کشمیری چائے میں موجود ہر اجزا سبز چائے، الائچی ، لونگ ، بادام ، پستے اور دودھ کی اپنی اہمیت اور افادیت ہیں، جن لوگوں کو دودھ پسند نہ ہو وہ کشمیری چائے کی صورت میں اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

سبز چائے

سبز چائے دنیا میں پی جانے والی زیادہ تر مشروبات میں سے ایک ہے، طبی ماہرین کے مطابق سبز چائے کا استعمال انسانی صحت کے لئے بہت ہی مفید ہے ، اس کے استعمال سے مختلف بیکٹیریا اور وائرس سے بچاؤ ممکن ہے، سبز چائے کا استعمال ذیابطیس اور دل کے امراض سمیت کئی بیماریوں سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتا ہے۔

دودھ

ہماری خوراک میں شامل غذا میں دودھ وہ واحد مشروب ہے جس میں تمام وٹامن موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ دودھ ایک مکمل غذا کا کام دیتا ہے ایک گلاس دودھ جسم کو درکار تمام وٹامن فراہم کردیتا ہے، یہ توانائی کے حصول کا سب سے آسان ذریعہ ہے۔

دودھ میں موجود کیلشیم انسانی ہڈیوں کے لیے مفید ہے، جس سے جوڑوں،پسلیوں اور ہڈیوں کے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔

لونگ

لونگ چین اور بر صغیر میں قدیم زمانے سے استعمال ہو رہا ہے، لونگ میں بہت سی طبی خوبیاں ہیں۔ لونگ بادی پن دور کرتا ہے۔ اس میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں، جو خون کی گردش کو متوازن کرتے ہیں، جسم میں درجہ حرارت کو برقرار رکھتے ہیں۔ لونگ سے گلے کی خارش کو بھی افاقہ ہوتا ہے اور کھانسی میں مفید ہے، حلق کی سوزش بھی اس سے دور ہوتی ہے۔

tea412

الائچی

الائچی کی خوش بو چائے کے ذائقے کو بڑھا دیتی ہے۔ اس سے بھی سانس کی نالی کی صفائی ہوتی ہے۔ چھوٹی الائچی سے جسم کو طاقت ملتی ہے اور ذہن ترو تازہ ہو جاتا ہے۔

دار  چینی

دارچینی کا ذائقہ قدرے شیریں اور تلخی ہوتاہے، دار چینی ہمارے جسم کے لیے مفید اور سردیوں کی بہت سی بیماریوں سے پیشگی تحفظ کا باعث ہے۔

بادام

بادام ایک من پسند میوہ ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں زیادہ تر موسم سرما میں استعمال کیا جاتاہے۔ اس کی تاثیر گرم تر ہوتی ہے، جو دماغ کو طاقت اور نظر کو تیز کرتا ہے، یادشت بڑھاتا ہے اور کھانوں کی کئی اقسام میں یہ بہت ہی مفید اور فائدے مند ہے۔

پستہ

پستہ بھی دوسرے میوہ جات کی طرح ایک قیمتی اور افادیت سے بھرپور میوہ ہے۔ اس کا مزاج بھی گرم تر ہوتا ہے۔ یہ بھی یادداشت بڑھانے میں مدد دیتا ہے اور دماغ کے لیے انتہائی بہتر ہے۔

Comments

- Advertisement -