تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

وہ مسائل جو دفتر میں آپ کو پریشان کرتے ہیں

یوں تو دفتر میں دن کا بڑا حصہ بیٹھ کر گزارنا آپ کو غیر متحرک کردیتا ہے جو صحت کے لیے بے حد نقصان دہ ہے، لیکن کچھ کام اور کچھ ملازمتیں بذات خود بھی صحت کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

کچھ دفاتر میں پایا جانے والا ماحول اور کام کا طریقہ کار ملازمین کی نفسیاتی و جسمانی صحت پر برے اثرات مرتب کرتا ہے اور مستقل اسی ملازمت سے منسلک رہنا آپ کو صحت کے حوالے سے بدترین نقصانات پہنچا سکتا ہے۔

آج ہم آپ کو دفاتر میں پیش آنے والے ایسے ہی کچھ حالات سے آگاہ کر رہے ہیں جن کو مستقل بنیادوں پر برداشت کرتے رہنا آپ کو جان لیوا امراض میں مبتلا کرسکتا ہے۔ ساتھ ہی ان مسائل سے نمٹنے کا حل بھی جاننا ضروری ہے۔


مسئلہ ۔ بے تحاشہ مصروفیت

آپ بہت زیادہ مصروف ہیں لیکن آپ کے پاس آزادی سے کام یا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔

حل

کام سے متعلق دباؤ کو ساتھیوں کے ساتھ گفتگو اور ان کی مدد کے ذریعے کم کریں۔


مسئلہ ۔ لا حاصل محنت

آپ بہت زیادہ کام کرتے ہیں اور بہت محنت سے کرتے ہیں، مگر آپ کو اس کا صلہ نہیں ملتا۔

حل

اپنے باس سے اپنے کیرئیر کے متعلق گفتگو کریں اور انہیں بتائیں کہ آپ بہت با صلاحیت ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔


مسئلہ ۔ پیشہ وارانہ تنہائی

آپ اپنے دفتر میں تنہائی محسوس کرتے ہیں کیونکہ آپ کو کام کے حوالے سے ہم مزاج ساتھی یا بہترین باس میسر نہیں۔

حل

اپنے ساتھیوں اور باس سے گفت و شنید کریں۔ اگر آپ کو مدد کی ضرورت ہے تو کسی کی مدد لینے سے ہرگز نہ ہچکچائیں۔


مسئلہ ۔ زچ کرنے والے کسٹمرز

اپنے دفتر میں آپ کو تنگ کردینے والے کسٹمرز کو بھگتنا پڑتا ہے جو آپ سے نہایت نا معقول مطالبات کرتے ہیں اور آپ کو مجبوراً خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے۔

حل

اس بارے میں اپنے باس سے تجاویز لیں اور ان کے تجربات سے استفادہ کریں۔ ان سے کہیں کہ آپ اس سلسلے میں ہونے والے تربیتی کورسز میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔

آپ کو یہ بھی سیکھنے کی ضرورت ہے کہ ذاتی طور پر متاثر ہوئے بغیر مختلف مزاجوں کے کسٹمرز سے کس طرح ڈیل کرنا ہے۔


مسئلہ ۔ دفتر کا قیدی

دفتر کے اوقات کار ختم ہونے کے بعد آپ گھر سے بھی لیپ ٹاپ اور موبائل فون کے ذریعے دفتر سے منسلک ہیں اور دفتر کا کام کر رہے ہیں۔

حل

اگر یہ اتنا ہی ضروری ہے تو اس کے لیے بھی ایک وقت مقرر کریں کہ آپ گھر آنے کے بعد صرف ان 2 گھنٹوں کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس کے بعد یا اس سے پہلے ہرگز نہیں۔


مسئلہ ۔ بیزار کن کیفیت

بعض اوقات اپنی پسند کی ملازمت کرتے ہوئے بھی آپ بیزاریت اور تھکن کا شکار ہوجاتے ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں آپ چاہ کر بھی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔

حل

اس کیفیت سے نکلنے کے لیے تعطیلات لینا ضروری ہے اور ان تعطیلات کو سیاحت میں گزارنا اس سے بھی زیادہ ضروری۔ سیاحت آپ کے دل و دماغ پر چھائی بیزاری کو ختم کر کے آپ کو تازہ دم کردے گی۔


مسئلہ ۔ باس کا ذلت آمیز رویہ

آپ باس یا اپنے سے اوپر کے عہدے کے افراد کی بے جا ڈانٹ ڈپٹ، ذلت آمیز رویے اور غیر ضروری کام کے دباؤ کا شکار ہیں۔

حل

انہیں واضح طور پر بتائیں کہ آپ کو یہ رویہ سخت ناپسند ہے۔ اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو اس سلسلے میں انتظامیہ سے بات کریں تاکہ اس رویے کا سدباب کیا جاسکے۔

Comments

- Advertisement -