تازہ ترین

ایسا سمارٹ فون جو اپنا خیال خود رکھ سکتا ہے

پاکستانی نژاد امریکی آئی ٹی ماہرین نے ایک ایسا اسمارٹ فون تیار کیا ہےجو اپنے اندر پیدا ہونے والی خامیاں باآسانی دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے‘ اس فون کی آمد پاکستان کی موبائل انڈسٹری میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی آئی ڈرائیڈ یو ایس اے ٹیکنالوجیز نے ایک ایسا اسمارٹ فون تیار کیا ہے جو اپنے سافٹ وئیر میں پیدا ہونے والی خامیاں بغیر مارکیٹ جائے دور کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس اسمارٹ فون کا نام ’آئی ڈرائیڈ بی اے ایل آرایکس سیون‘ ہے۔

اس فون میں پانچ عشارئیہ پانچ انچ کی ایچ ڈی ایل سی ڈی نصب ہے‘ ایک عشاریہ تین گیگا ہرٹز کا کواڈ کور پراسیسر‘ آٹھ میگا پکسل بیک اور پانچ میگا پکسل فرنٹ کیمرہ ہے۔ اس فون کی خاص بات جو اسے دوسرے اسمارٹ فون سے ممتاز بناتی ہے وہ اس کے اندر نصب ’ریسکیو‘ کا سسٹم ہے۔

کمپنی کے سی ای او جواد قریشی نے کراچی کے مقامی ریستوران میں منعقدہ تقریب میں بلاگرز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگر فون کے سافٹ ویئر میں کسی بھی قسم کی خامی یا مشکل درپیش ہو تو ’ریسکیو‘ کے آپشن پر کلک کرنے سے موبائل صارف ایک سنٹرلائز سسٹم سے منسلک ہوجاتا ہے جہاں موجود ٹیکنیشن فون کے سافٹ وئیر کا کنٹرول لے کر اس میں موجود خامیوں کی جانچ کرکے انہیں دور کردیتا ہے جس سے صارف کا قیمتی وقت بھی بچتا ہے‘موبائل مارکیٹ جاکر فون صحیح کرانے کی کوفت سے چھٹکارہ ملتا ہے اور مالی بچت بھی ہوتی ہے کیونکہ کمپنی یہ سہولت مفت مہیا کرتی ہے۔

یہ حیرت انگیز فون پاکستان میں انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہے اور جواد قریشی کے مطابق اس کو ڈیزائن کا مقصد پاکستان کے نوجوان طبقے کی کم قیمت میں عمدہ ٹیکنالوجی کے تک رسائی کو یقینی بنانا ہے اور اسی عزم کے ساتھ اسے پاکستان میں لانچ کیا جارہا ہے۔

اس سے قبل امریکہ ‘ کینیڈا‘ یورپین یونین ‘ لاطینی امریکہ اورافریقہ کے ممالک میں یہ فون فروخت کے لیے پیش کیا جاچکا ہے۔ پاکستان میں اسے متعارف کرانے کے لیے بھی جدت کا سہارا لیا گیا ہے اور یہاں یہ فون ایک معروف کورئیر کمپنی کی مقامی ویب سائیٹ کے ذریعے محض دو گھنٹے کےقلیل وقت میں صارفین کو ڈیلیور کیاجارہا ہے۔


Comments

- Advertisement -
فواد رضا
فواد رضا
سید فواد رضا اے آروائی نیوز کی آن لائن ڈیسک پر نیوز ایڈیٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں‘ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ تاریخ سے بی ایس کیا ہے اور ملک کی سیاسی اور سماجی صورتحال پرتنقیدی نظر رکھتے ہیں