منگل, مئی 14, 2024
اشتہار

ڈاکٹر عاصم پر فالج کا حملہ، ڈاکٹرز کا مکمل آرام کا مشورہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :ڈاکٹر عاصم پرفالج کا حملہ ہوا، جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کا ایم آر آئی کیا گیا اور انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ذہنی دباؤ کے باعث ڈاکٹر عاصم کو اٹیک ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر ڈاکٹرعاصم حسین جو دہشتگردوں کے علاج میں معاونت اور دیگر مقدمات میں اسیر ہیں، ان پر گذشتہ روز فالج کا حملہ ہوا تھا، ان کی بیماری کی تشخیص کیلئے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرادی گئی۔

رپورٹ میں میڈیکل بورڈ نے ڈاکٹر عاصم کو وزن کم کرنے اور وہیل چیئر استعمال کرنے کا مشورہ دیا، میڈیکل بورڈ نے کہا کہ ڈاکٹرعاصم حسین کی کمرمیں شدید تکلیف ہے۔

- Advertisement -

میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین کو فزیوتھراپی سے درد میں کوئی فرق نہیں پڑا، اس لئے ضروری ہے کہ ان کی ہائیڈرو تھراپی کیجائے کیونکہ ان کی ریڑھ کی ہڈی میں گیپ کے باعث درد ہے اور اس شدید درد کی وجہ سے ان کیلئے چلنا کم و بیش ناممکن ہوتا جارہا ہے۔

میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ جب تک سرجری نہیں ہوجاتی ہائیڈروتھراپی کرانا ضروری ہے۔

ڈاکٹرز نے ڈاکٹر عاصم پر فالج کوذہنی دباؤ کانتیجہ قرار دیتے ہوئے اہلخانہ کے علاوہ ان کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں بھی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی حالت بگڑ گئی تھی، جس کے باعث ان کا الٹرا ساﺅنڈ اور سی ٹی سکین کرایا گیا تھا۔


مزید پڑھیں : ڈاکٹرعاصم کی طبیعت بگڑ گئی


یاد رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کو گزشتہ برس 26 اگست کو رینجرز نے کرپشن اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات میں حراست میں لیا تھا۔ ان کے خلاف نیب میں دو ریفرنسز اور دہشت گردی میں معاونت کا ایک مقدمہ زیرِ سماعت ہے۔

واضح رہے ڈاکٹر عاصم سابق صدرآصف علی زرداری کے خاص دوست ہیں اور دور زرداری میں بطور وفاقی وزیر پٹرولیم کے خدمات انجام دیتے رہے ہیں جب کہ گرفتاری کے وقت وہ ایچ ای سی کے سربراہ کے طور اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں